(عرض احوال) اے اللہ ہم پر رحم فرما! - ایوب بیگ مرزا

11 /

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

اے اللہ ہم پر رحم فرما!ہمیں کسی اور زبان کا تو خاص علم نہیں البتہ اردو لغت پاکستان کی موجودہ سیاسی اور معاشی دگرگوں حالت بیان کرنے سے قاصر نظر آتی ہے۔ قومی سطح پر جو اضطراب واضطرار ہے اور ہیجانی و پریشانی اور بے یقینی کی کیفیت ہے اُس کا نقشہ ان الفاظ کے استعمال سے بھی پورے طور پر سامنے نہیں آتا۔ سرمایہ کاری رک چکی ہے‘ صنعتیں بند ہو رہی ہیں‘ روزگار کی پہلے ہی کوئی ایسی اچھی حالت نہ تھی۔ کوئی باپ بے روزگاری اور معاشی تنگ دستی سے مجبور ہوکر حرام موت کو گلے لگا رہا ہے تو کوئی ماں بھوک سے بلکتے بچوں کو بے سہارا چھوڑ کر زمین کے پیٹ کو زمین کی پیٹھ پر ترجیح دے رہی ہے۔ کراچی جس کی رونقیں کبھی مشہور تھیں‘ وہاں اگر کوئی ساعت ایسی گزر جائے کہ راہزنوں کی شہریوں سے چھینا جھپٹی نہ ہو تو یہ ایک بریکنگ نیوز کی مانند ہے۔ لاکھوں پاکستانی اپنا دیس چھوڑ کر دیار غیر جا چکے ہیں‘ لاکھوں رخت سفر باندھ رہے ہیں۔ گزشتہ سال تک ہم اس خوف کا اظہار کر رہے تھے کہ کہیں ہمارا حال بھی سری لنکا جیسا نہ ہو جائے‘ آج معاشی لحاظ سے ہم اس سے بھی کمتر سطح پر آگئے ہیں۔
موسم گرما زوروں پر ہے ‘ شاید اسی لیے ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر بھی برف کی طرح پگھل رہے ہیں۔ سینکڑوں کنٹینرز بندرگاہوں پر آئے پڑے ہیں لیکن ہمارے پاس پیسے نہیں کہ اُنہیں چھڑا کر ملک کے اندر لائیں اور اپنے عوام کو ضروریاتِ زندگی فراہم کر سکیں۔ اگرچہ ہمارا روایتی کشکول پوری طرح حرکت میں ہے لیکن کوئی سخی اب اُس میں کچھ ڈالنے کو تیار نہیں۔ پھر یہ کہ ہم اس بدترین صورتِ حال میں بھی اس کے سوراخ بند کرنے کو تیار نہیں۔ ڈالر جو خود دنیا بھر میں بے توقیری کا شکار ہے‘ پاکستان میں اُس نے ٹرپل سنچری مکمل کر لی ہے لیکن پھر بھی نایاب ہے۔ ڈالر آگے آگے بھاگ رہا ہے اور ہمارا امپورٹر گرتا پڑتا اُس کا تعاقب کرتے ہوئے ذلیل و خوار ہو رہا ہے۔ ہمارے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کئی ارب روپے کے مساوی زرمبادلہ یورپ خاص طور پر امریکہ کے اسفار میں لگا چکے ہیں لیکن نتیجہ صفر نہیں بلکہ مائنس میں ہے۔ اس حکومت کو شروع میں امریکہ اور یورپ کی جو حمایت حاصل تھی وہ اب نہیں رہی۔ اس کی وجہ حکومتی کارکردگی کی بُری طرح ناکامی اور کرپشن ہے۔
حکومتی جماعت کے اپنے انتہائی اہم رکن اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی رمضان المبارک کے دوران مفت آٹے کی تقسیم میں بیس ارب روپے کی کرپشن کی آواز لگا رہے ہیں‘ لیکن کسی انکوائری کی ضرورت محسوس نہیں کی جا رہی۔ حیران کن بات یہ ہے کہ ساری دنیا کا سیر سپاٹا کرنے والے وزیر خارجہ نے سوا سال میں ہمسایہ اسلامی برادر ملک افغانستان جس کے ساتھ ہمارے بہت سے مسائل جڑے ہوئے ہیں‘ وہاں جانے کی تکلیف گوارا نہیں کی۔ وزیر مملکت حنا ربانی کھر کو وہاں بھیج کر افغان طالبان کی حکومت کو مزید ناراض کیا گیا ہے جو امریکہ کے ساتھ ہماری ضرورت سے زیادہ گہری وابستگی اور انٹیلی جنس شیئرنگ پر پہلے ہی ہم سے ناراض تھی۔ وزیراعظم شہباز شریف ملک کو اس حالت میں چھوڑ کر جبکہ معاشی ابتری انتہاؤں کو چھو رہی ہے اور سیاسی عدم استحکام عروج پر ہے‘ ماضی کے آقاؤں کی رسم تاج پوشی میں قیمتی زرمبادلہ خرچ کرکے پہنچے۔ سرکاری دورہ ہونے کے باوجود برطانیہ کی وزارتِ خارجہ کے ایک جونیئر آفیسر نے اُن کا استقبال کیا۔ کون ہماری عزت کرے گا جب ہم اپنی عزت کی نیلامی خود ہی کرتے رہیں گے۔ یہاں یہ ذکر کرنا بے جانہ ہو گاکہ بھارت کی طرف سے رسمی عہدہ پر فائز نائب صدر نے اس تقریب میں حصہ لیا۔ بھارت کے وزیر خارجہ نے کچھ عرصہ پہلے برطانیہ کو بے نقط سنائی تھیں کہ انگریز ہندوستان میں حکومت کے دوران ہماری دولت لُوٹ کر برطانیہ لے گیا تھا اور ہمارا خطہ جو دنیا کا امیر ترین خطہ تھا اُسے دیوالیہ کر دیا تھا۔ انگریز کے ہندوستان آنے سے پہلے اس علاقے کو سونے کی چڑیا اور اناج گھر کہا جاتا تھا۔ بہرحال پاکستان ہنگامی صورتِ حال سے دو چار تھا اور وزیراعظم پانچ روز کے لیے لندن میں براجمان تھے۔ عوام جانیں اور اُن کی غربت و افلاس اور بے چارگی جانے!
اپوزیشن یعنی تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی جماعت ہونے کی دعوے دار ہے۔ وہ عدل و انصاف‘ انسانی حقوق اور جمہوریت کے نعرے لگاتی ہے۔ خود کو دوسری سیاسی جماعتوں سے منفرد اور بلنداخلاقی کا دعویٰ کرتی ہے۔ ایک آزمائش میں وہ بھی بُری طرح ناکام ہوئی ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری پر اُس کے کارکنوں نے جو طوفانِ بدتمیزی برپا کیا اور سرکاری املاک کا جو حشر کیا وہ صرف اُن کی جماعت ہی کے لیےنہیں ہر پاکستانی کے لیے باعث شرمندگی اور خجالت تھا۔ لاہور کے کور کمانڈر ہاؤس میں داخل ہو کر وہاں توڑ پھوڑ اور لوٹ کھسوٹ کی گئی ‘ پھر اسے نذرِ آتش کر دیا گیا۔ سڑکوں پر گزرتے ہوئے عام فوجی سپاہیوں پر پتھر پھینکے گئے۔ ذرائع آمد و رفت میں رکاوٹ ڈال کر عوام کے لیے مصائب کھڑے کر دیئے۔ ریل گاڑیاں روکنے کی کوشش کی گئی۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطہ سے گرفتاری اور اُن سے پولیس کی بدسلوکی کوئی اچھا طرزِ عمل نہیں تھا۔ گرفتاری کا عمل پہلے عام آدمی کے نگاہ میں مشکوک تھا‘ پھر عدالت عظمیٰ نے اُس کو غیرقانونی قرار دے کر مہر تصدیق ثبت کر دی۔ البتہ تحریک انصاف سے یہ سوال پوچھنا لازماً بنتا ہے کہ اس میں بے چارے عوام کا کیا قصور تھا کہ دو دن اُن کی زندگی عذاب بنی رہی ! اُن کے لیے روزمرہ زندگی کا تسلسل برقرار رکھنا ممکن نہ رہا۔ خدا جانے کتنی ایسی موٹر سائیکلیں نذر آتش ہوگئیں جو بے چارے غریب عوام نے خون پسینہ ایک کرکے بمشکل حاصل کی تھیں۔ اُس دیہاڑی دار کا کیا قصور تھا جس کے لیے آپ نے سڑکوں اور راستوں سے گزرنا عذاب بنا دیا اور وہ خالی ہاتھوں واپس گھر لوٹا؟ ذرا اپنے ضمیر کو ٹٹولیں اور جواب دیں کہ آپ نے انسانیت کی کیا خدمت کی؟ ریڈیو پاکستان کا قصور یہ تھا کہ وہ خبریں پہنچا رہا تھا‘ لیکن آپ نے اُس کی عمارت جلا دی۔ عمران خان کی گرفتاری کے ساتھ کسی ادارے کا تعلق تھا یا نہیں ‘ اُسے نقصان پہنچانے کا کیا جواز تھا؟ صوبہ KPK اس معاملے میں دوسرے صوبوں سے بازی لے گیا۔ وہاں ایک ایسی غیر اسلامی ہی نہیں غیر انسانی حرکت بھی کی گئی جس کا ذکر کرکے روح کانپ اُٹھے۔ ایک ایمبولینس کو روک کر مریض کو سڑک پر کھڑا کر دیا گیا اور گاڑی کو آگ لگا دی گئی۔ اے انصاف کے دعوے دارو! بتاؤ درندگی اور وحشیانہ پن کیا کسی اور چیز کا نام ہے؟ حکومت کی بات چھوڑو‘ روزِ قیامت اللہ کو کیا جواب دو گے؟ یہ خلافِ اسلام ہی نہیں خلاف ِانسانیت بھی ہے۔
افسوس صد افسوس! ہمارے ریاستی اداروں کا بھی حال اچھا نہیں۔کوئی طاقت کا غلط استعمال کر رہا ہے اور کوئی انصاف کا خون کر رہا ہے۔ ریاستی ادارے سیاسی جماعتوں سے نسبت اور تعلق کے حوالے سے تقسیم ہو چکے ہیں ۔ سیاسی جماعتوں کا ریاستی اداروں سے اپنے مفاد کے حوالے سے تعلق ہے۔ اگر ایک ریاستی ادارہ اُن کے مفاد میں کام کر رہا ہے تو بہت اچھا ہے اور وہی ادارہ اگر دوسری جماعت کے اسی طرح کے مفاد کو دیکھے تو بہت بُرا۔سیاست دان ذاتی اقتدار اور مفادات کے لیے مکمل طور پر خود غرض بلکہ اندھے ہو چکے ہیں۔ ایک جماعت اپنے ہی سرحدی محافظوں پر چڑھ دوڑی ہے۔ کیا ہم اتنا بھی شعور نہیں رکھتےکہ انہیں کمزور کرکے ہم قومی سطح پر خود کشی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ کبھی یہ جماعت فوج کے ساتھ ایک پیچ پر تھی۔ دوسری جماعت جو اینٹی اسٹیبلشمنٹ ہونے پر فخر محسوس کرتی تھی‘ آج اُس کے کندھوں پر سوار ہو کر حکومت کر رہی ہے اور عدلیہ پر گولہ باری کر رہی ہے۔ ججوں کو اُن کے گھر جلانے کی دھمکی دے رہی ہے۔ وزیرمملکت ایک خاتون ہو کر ججوں کو کہہ رہی ہے کہ ہم تمہیں گریبانوں سے پکڑ کر باہر گھسیٹ لائیں گے۔ وہ جو ایک ترانہ ہے ’’ہم زندہ قوم ہیں!‘‘ کیا ہم اِس زندگی سے اُکتا تو نہیں گئے؟ کیا دنیا میں کہیں اور بھی کسی کور کمانڈر کا گھر لوٹا اور جلایا گیا؟ کیا دنیا کی کسی اور حکومت کے وزیروں نے بھی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کا گھر جلانے اور گریبان سے پکڑ کر باہر گھسیٹ لانے کے بیانات دیئے ہیں؟ یہ وہی چیف جسٹس ہیں جنہوں نے عمران خان کو آدھی رات کو فارغ کیا تھا۔ ہماری عدلیہ نے ایک عالمی ریکارڈ یہ بھی قائم کیا ہے کہ اپنا فیصلہ ویب سائٹ پر چڑھا کر عمران کی گرفتاری کے بعد اتار دیا اور کہا گیا کہ نئے فیصلے کے لیے نیا بینچ بنے گا۔ یہ کچھ ہو تو پھر کیوں نہ کہیں ’’ہم مردہ قوم ہیں!‘‘کتنی عجیب بات ہے کہ ہم خود اپنے پر رحم نہیں کر رہے اور اللہ سے کہتے ہیں: اے اللہ ہم پر رحم فرما! بہرحال یہ کہے بغیر چارہ بھی نہیں کہ اے اللہ ہم پر رحم فرما!!