(تعارف کتب) ہماری مطبوعات - ادارہ

13 /

ہماری مطبوعاتحاصل مطالعہ از پروفیسر الطاف طاہر اعوان


نام کتاب:سیرت النبیﷺ اور ہماری زندگی
مؤلف:ڈاکٹر اسرار احمدؒ
صفحات (جلد اول) : 516 ہدیہ سیٹ (مکمل تین جلد) : 2500روپے
شائع کردہ: مکتبہ خدام القرآن لاہور‘ فون:04235869501

ڈاکٹر اسرار احمد ؒپیشے کے لحاظ سے ایک جسمانی طبیب جبکہ مشن کے لحاظ سےایک روحانی معالج تھے ۔ڈاکٹر صاحب سے میرا پہلا تعارف۱۹۷۲ء میں ہوا۔ وہ جو ہر آباد‘ ضلع خوشاب تشریف لائے جہاں ان کے برادر بزرگوار انجینئر اظہار احمد قریشی ایک صنعتی ادارے کے مالک‘ دار الاسلام ٹرسٹ کے چیئرمین اور جماعت اسلامی کے قائد تھے۔ اظہار احمد قریشی مرحوم ایک متقی ‘نیک دل‘ انسان دوست ‘خادم اسلام ‘مخیر شخصیت تھے۔ ڈاکٹر صاحب انہی سے ملاقات کے لیے جو ہر آباد تشریف لائے تھے ۔اسلامی جمعیت طلبہ نے موقع غنیمت جان کر مرکزی جامع مسجد میں ڈاکٹر صاحب کو سیرت النبیﷺ کے موضوع پر تقریر کی دعوت دے دی۔ اسلامی جمعیت طلبہ کے ایک کا رکن کی حیثیت سے میں بھی انتظامات میں شریک تھا۔ ہمیں تمام دینی حلقوں کی حمایت حاصل تھی۔ ڈاکٹر صاحب کے خطاب نے سامعین پر گہرا اثر ڈالا۔ دوسرے دن انہیں جناب شاہ محمد امین عطا فاروقی نے جامع مسجد دار الاسلام میں درسِ قرآن کی دعوت دی۔ نہ صرف طلبہ و اساتذہ بلکہ سول لائنز اور مضافاتی آبادیوں سے بھی لوگ درسِ قرآن میں شریک ہوئے۔ ڈاکٹر صاحب نے سورۃ العصر کا درس دیتے ہوئے لوگوں کو جھنجھوڑ دیا۔ وہ دن اور آج کا دن‘ ۵۳سال کے اس عرصہ میں ڈاکٹر صاحب ‘ان کا درس ‘ان کی خطابت ‘قرآن مجید سے ان کے لگاؤ ‘ نبی کریمﷺ کے اتباع کے جذبہ سے سرشار شخصیت ہمیشہ میرے لیے مشعل ِراہ رہی ہے۔
ربیع الاول۴۷ ۴ ۱ ھ کے ماہِ مقدس میں پروفیسر نثار احمد ملک کے توسط سے مدیر ’’میثاق‘‘ حافظ خالد محمود خضر کی جانب سے موصول ہونے والے دل کش‘ دل ربا خوب صورت تحفہ کی صورت میں ڈاکٹر صاحب موصوف ؒ کی تین جلدوں پر مشتمل ’’سیرت النبیﷺ سیریز‘‘ کا سیٹ میرے زیر مطالعہ ہے ۔فی الحال میں اس کی پہلی جلد کا مطالعہ کر سکا ہوں۔ دوسری جلد کا آغاز کرنے سے پہلے قارئین کو اپنےتاثرات سے آگاہ کرنا ضروری سمجھتا ہوں۔ آپ اسے تعارف و تبصرہ بھی کہہ سکتے ہیں ۔
سیرت النبیؐ سیریز سیٹ کی پہلی جلد کو ’’سیرت النبیﷺ اور ہماری زندگی‘‘ کا عنوان دیا گیا ہے۔ یہ دراصل ڈاکٹر صاحب کی ۹ کتب کا مجموعہ ہے جو ’’رسولِ اکرمﷺ اور ہم‘‘ کے مستقل عنوان سے ایک جلد میں شائع ہوتی ہیں۔ کتاب کا آغاز’’عظمت ِمصطفیٰﷺ‘‘ کے عنوان سے کیا گیا ہے۔ یہ ڈاکٹر صاحب کا ایک جامع خطاب ہے جس میں نبی اکرمﷺ کی عظمت بحیثیت ایک داعی ٔ انقلاب کو اُجاگر کیا گیا ہے۔
کتاب کے دوسرے باب کا عنوان ’’ رسولِ کا ملﷺ‘‘ ہے‘ جو بارہ تقاریر پر مشتمل ہے۔ ان تقاریر میں ڈاکٹر صاحب نے نبوت و رسالت کی غرض و غایت‘ رسول ِاکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ کے مختلف گوشوں ‘ خاص طو رپر اس کے انقلابی پہلو کو اختصار لیکن جامعیت کے ساتھ بیان فرمایا ہے۔
تیسرے باب کا عنوان ’’نبی کریم ﷺکا مقصد ِبعثت‘‘ ہےجو ڈاکٹر صاحب کے دو مقالوں پر مشتمل ہے۔ ان میں نبی اکرمﷺ کا مقصد ِ بعثت قرآن حکیم کی روشنی میں واضح کیا گیا ہے۔ نیز بعثت ِ انبیاءؑ کا اساسی مقصد اور بعثت ِ محمدیؐ کی اتمامی اور تکمیلی شان پر علمی انداز میں گفتگو کی گئی ہے۔
چوتھے باب کا عنوان’’نبی اکرم ﷺسے ہمارے تعلق کی بنیادیں‘‘ ہے ۔اس میں نبی مہربانﷺ پر ایمان ‘آپ کی توقیر ‘اطاعت‘ محبت ‘اتباع‘ نصرت اور اتباع قرآن مجید کی وضاحت کی گئی ہے ۔ دین حق کے لیے نبی کریم ﷺکو پیش آنے والی مشکلات کا تذکرہ کیا گیا ہے۔
’’سورۃ الاحزاب کی روشنی میں اُسوئہ رسولﷺ ‘‘ڈاکٹر صاحب کے ایک طویل درس پر مشتمل باب ہے جس میں نبی مہر بانﷺ کی استقامت ‘کُفّار کی سازشوں اور صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم کی اطاعت و اتباعِ رسولؐ‘ اخوت و ایثار کو بیان کیا گیا ہے۔
’’حب ِرسولﷺ اور اس کے تقاضے‘‘ میڈیکل کالج کے طلبہ سےایک مختصر ‘مگر جامع خطاب ہے‘ جس میں حب ِرسولﷺ ‘ اتباعِ رسولﷺ ‘ نبی کریمﷺ کا مقصد ِبعثت اور دورِ حاضر میں انقلاب اسلامی کےطریق کار پر روشنی ڈالی گئی ہے ۔
’’معراج النبیﷺ‘‘ کے عنوان سے خطاب میں نبی کریم ﷺکے سفر ِمعراج کو قرآن و حدیث کی روشنی میں تفصیل سے بیان کیا گیا ہےاورعقلی دلائل سے اس محیر العقول واقعہ کے استبعاد کو دور کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
’’رسولِ انقلابﷺ کا طریق ِانقلاب ‘‘اس سارے سلسلے کا عرق اور عطر ہے جس سےپورا ماحول معطر ہو جاتا ہے اور سامع و قاری جھوم اٹھتا ہے۔اس خطاب کو دراصل ڈاکٹر صاحب کی ضخیم تالیف ’’منہج ِانقلابِ نبویؐ‘‘ کے خلاصے اور نچوڑ کی حیثیت حاصل ہے‘ جو ان کے گیارہ خطابات ِ جمعہ پر مشتمل ہے۔
کتاب کا آخری باب’’ ختم ِنبوت کے دو مفہوم اور تکمیل ِرسالت کے عملی تقاضے‘‘کے عنوان سے ایک مختصر مگر جامع خطاب ہے۔ یوں۵۱۶صفحات پر کتاب مکمل ہو جاتی ہے۔
یہ کتاب نہ صرف قرآن و سُنّت کی تعلیمات کا مجموعہ ہے بلکہ ادبی شاہ پارہ بھی ہے جس میں عربی‘ فارسی اشعار اور کلام اقبال دل کو کھینچتا ہے ۔ سونے پر سہا گا ڈاکٹر صاحب مرحوم کا انداز ِخطابت ‘ الفاظ کی گھن گرج ‘ آیاتِ قرآنی اور احادیث ِنبوی سے بر محل دلائل نے کتاب کو چار چاند لگا دیے ہیں۔
راقم کے خیال میں نسل ِنو کو سیرتِ نبویﷺکے پیغام سے آگاہ کرنے کے لیے اس سے اچھا تحفہ کوئی اور نہیں ہو سکتا ۔ گرانی کے اس دور میں اتنی کم قیمت میں تین خوب صورت مجلدات پر مشتمل کتاب قرآن اکیڈمی کے ذمہ داران کے حب ِرسولﷺ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔آپ یہ کتاب گھر بیٹھے ۵۰ فیصد رعایت پر‘ کیش آن ڈیلیوری کی سہولت کے ساتھ‘ حاصل کر سکتے ہیں۔ (برائے رابطہ:03011115348) اس کتاب کا ہر گھر میں ہونا اور روزانہ نمازِ عشاء کے بعد پورے کنبے کی موجودگی میں اجتماعی مطالعہ ایک اہم ضرورت ہے۔