(عرض احوال) استحکامِ پاکستان اور اتحادِ اُمّت - رضاء الحق

11 /

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
استحکامِ پاکستان اور اتحادِ اُمّتانسان کا معاملہ بہت عجیب ہے۔وہ اکیلا اِس دنیا میں آتا ہے اوراکیلا ہی دارِفانی سے کوچ کرجاتا ہے۔ البتہ وہ مہد سے لحد تک کا سفر نہ اکیلا کرنا چاہتا ہے اور نہ اکیلا کر سکتا ہے۔ وہ کسی خاندان کے فرد‘ کسی قبیلے کے رُکن‘ کسی شہر کے شہری اور کسی ملک کے باشندے کی حیثیت سے جانا جاتا ہے۔ اِسی لیے انسان کو معاشرتی ’’حیوان‘‘ کہا جاتا ہے ‘بلکہ حقیقت تو یہ ہے کہ انسان کے لیے معاشرے کی وہی حیثیت ہے جو مچھلی کے لیے پانی کی ہے۔ انسان کی انفرادیت بڑی محدود ہے۔ وہ چھوٹے موٹے روز مرہ کے اُمور میں سے بعض تنہا ہی کر لیتاہے۔ غور و فکر اور عملی طور پر کسی کام کا آغازتو تنہا کر سکتا ہے ‘لیکن تنہا کسی ایسے کام کو منطقی انجام تک نہیں پہنچا سکتا جومعاشرے پر اثرات مرتّب کرے۔ اجتماعیت انسانی فطرت کا خاصہ ہے ۔ لہٰذا انسان پر یہ واجب ہے کہ وہ اپنے لیے سازگار معاشرہ تلاش کرے‘ اور اگر معاشرہ سازگار نہ ہو تو اپنی اخلاقی و روحانی تکمیل کے لیے پورے اخلاص کے ساتھ اس کو سازگار بنانے کی جدّوجُہد کرے ۔ مقصد کے حصول کے لیے اجتماعی دانش اور اجتماعی جدّوجُہد انسان کی ضرورت ہی نہیں مجبوری بھی ہے۔
انبیاء و رسل علیہم السلام کی بعثت کا بنیادی مقصد افراد کی اخلاقی و روحانی تکمیل اور فلاح و نجات ہے‘ لیکن اس کے لیے سازگار اجتماعی ماحول مہیّا کرنے کی جدّوجُہد کرنا بھی ان کے مقاصد ِ بعثت اور فرائض ہائے منصبی میں شامل رہا ہے۔ عام انسان کی بات چھوڑیں‘ انبیاء اور رسل ؑنے بھی اپنے مشن کا آغاز تو تن تنہا کیا ‘لیکن حواریین اور صحابہ کرامؓ کی نصرت سے ہی اسے آگے بڑھایا۔اللہ تعالیٰ کے اولوالعزم رسولوںؑ میں سے حضرات موسیٰ و ہارون علیہما السلام نے ایک طرف تو اپنی قوم بنی اسرائیل پر ہونے والے سیاسی جبر و استحصال کے خلاف آزادی کی تحریک چلائی اور دوسری طرف اللہ تعالیٰ کی معجزانہ مدد کے نتیجے میں آزادی‘ کتاب و شریعت کے اُتارے جانے اور ایک جماعت فراہم ہوجانے کے بعد اس کے نفاذ کے لیے اپنی قوم سے اجتماعی جدّوجُہد کا مطالبہ کیا۔ البتہ قوم کی بزدلی آڑے آئی‘ بات آگے نہ بڑھ سکی اوردین فوری طور پر نافذ نہ ہوسکا۔
اللہ کے آخری نبی اور رسول محمد مصطفیٰ ﷺ نے آ کر پہلی مرتبہ پوری انسانیت کو ایک محفوظ کتاب قرآن مجید کے ذریعے ایک کامل دین کی طرف نہ صرف دعوت دی بلکہ اسے قبول کرنے والوں کی سمع و طاعت کے ٹھٹیھ اسلامی اُصول پر ایک مضبوط جماعت بھی بنا ئی ۔ اِس جماعت نے مال و جان کی جس طرح قربانیاں دیں اور جس جان فشانی سے اِس مشن کے لیے وہ جُت گئے‘ انسانی تاریخ اُس کی مثال پیش کرنے سے قاصرہے۔ بالآخرفتح مکہ پر حضورﷺ کے تکبیر رب کے اُس مشن کی جزیرہ نما ئےعرب کی حد تک تکمیل ہو گئی جس کا حکم آپؐ کو سورۃ المدثر کی ابتدائی آیات میں دیا گیاتھا۔ خطبہ حجۃ الوداع میں آپ ﷺ شہادت علی الناس کا یہ فریضہ اپنی اُمّت کو منتقل کر کے رفیق ِاعلیٰ سے جاملے۔ ( اَللّٰھُمَ صَلِّ عَلى مُحَمَدٍ وَبَارِك وَسَلِّمْ) حضور ﷺ نے جو نظامِ عدل و قسط قائم کیا‘ خلفائے راشدین رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین نے اُسے نہ صرف نکھارا بلکہ صرف تیس برس کے قلیل عرصے میں تین براعظموں تک پھیلا دیا ۔ خلافت ِ راشدہ کے اختتام پر ‘شاہ اسمعٰیل شہیدؒ کی اختیار کردہ تعبیر کے مطابق‘ دین ِ حق کے نظامِ عدلِ اجتماعی کی چھ منزلہ عمارت کی صرف چھٹی منزل منہدم ہوئی ۔ بقیہ پانچوں منزلوں کو ایک ایک کر کے گرنے میں تقریباً ڈیڑھ ہزار سال لگے۔ یہاںتک کہ بیسویں صدی کے آغاز میں یہ عمارت راکھ کا ڈھیر بن گئی۔ یعنی مسلمانوں نے خود ادارئہ خلافت کے خاتمے کا اعلان کر دیا۔ ع چاک کردی ترکِ ناداں نے خلافت کی قبا!
اب سوال یہ ہے کہ کیا وہ عمارت جو اپنوں کی غلطیوں اور کوتاہیوں اور غیروں کی سازشوں سے زمین بوس ہو گئی تھی اُسے از سر نو کھڑاکرنے کی ضرورت ہے یا نہیں ؟کیا رحمۃ للعالمینﷺ کے دیے ہوئے اُس عادلانہ نظام کو ماضی کا قصہ سمجھ لیا جائے ؟ ہماری نظر میں ایسا کرنا صرف اپنی دنیا اور آخرت تباہ وبرباد کرنا ہی نہیں بلکہ انسانیت سے دشمنی کا مظہر بھی ہے۔ ایسا کرناانسانیت کو آگ کے سمندر میں پھینکنے کے مترادف ہے۔ آج دنیا ٹیکنالوجی میں انتہائی ترقی اور انسانوں کو زندگی میں بے شمار سہولتیں فراہم کرنے کے باوجود جہنّم زار بنتی چلی جارہی ہے۔لہٰذا اُس عادلانہ نظام کو واپس لائے بغیر چارہ نہیں!
عالم اسلام کی حالت یہ ہے کہ ہر گزرتا دن مسلمانوں کی پسپائی اور ہزیمت کی داستان سنا رہا ہے۔ اُمّت ِمسلمہ کا اب بالفعل وجود تو نہیں ہے ‘مختلف مسلمان ممالک ہیں ‘جہاں مغرب کا سیاسی اور معاشی نظام اپنا قبضہ مکمل کر چکا ہے ۔ روشن خیالی کے ٹائٹل کے ساتھ مغربی تہذیب و تمدن بھی اپنی جگہ بڑی حد تک بنا چکی ہے۔یہ ہمہ جہتی یلغار اتنی کامیابی سے سرایت کر گئی ہے کہ آج کے بعض نام نہاد مسلم دانشور اور مفکر خود سیاسی اِسلام پر انگلیاں اُٹھا رہے ہیں۔ ایسے سوال کھڑے کیے جا رہے ہیں کہ اِسلامی نظام کے قیام کی جدّوجُہد کسی اِسلامی معاشرے کی ضرورت ہے بھی یا نہیں!یہ وہ دانشور ہیں جو ’’آسان اسلام‘‘ کے قائل ہیں۔ مثلاً سود لینا حرام اور ناجائز‘ لیکن دینا حلال اور جائز۔ وہ عورت کو اپنے تئیں ’’پردے کی جکڑ بندیوں‘‘ سے آزاد کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں جمہوری نظام کے حوالے سے پروفیسر فرانسس فوکو ہاما کے فلسفہ End of History کے شدت سے قائل ہیں۔ہمیں ایسی دانش سے کچھ لینا دینا نہیں۔
البتہ دین سے انتہائی مخلص کچھ دانشور جو شریعت ِمحمدیﷺ کو من و عن قبول کرتے ہیں اور اُس پر عمل پیرا بھی نظر آتے ہیں ‘ ہم اُن کی علمی صلاحیتوں اور علمی کاوشوں کے دل کی گہرائیوں سے معترف ہیں اور اُنہیں بڑی عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ‘لیکن حیرت اِس بات پر ہے کہ وہ اقامت ِ دین کی جدّوجُہد اور اُس کے لیے منظّم جماعت کا قیام غیر ضروری سمجھتے ہیں۔ ایسے ہی ایک صاحب ِ علم کے سامنے ڈاکٹر اسرار احمدؒ نے چند سوالات رکھے تھے‘ جن کا ہم قارئین کے سامنے اعادہ کیے دیتے ہیں۔پہلا سوال یہ تھا کہ :اگر کسی ملک کی آبادی کی عظیم اکثریت مسلمانوں پر مشتمل ہو تو اُس ملک میں کون سا نظام رائج ہونا چاہیے: اِسلامی نظام یا کوئی دوسرا نظام؟دوسرا سوال یہ تھا کہ: اگر بدقسمتی سے وہاں اسلامی نظام قائم نہیں بلکہ غیروں کا نظام نافذ ہے تو مسلمان باشندوں کو اِسلامی نظام کے قیام کی کوشش کرنی چاہیے یا نہیں؟ کیا یہ کوشش ہر مسلمان انفرادی طور پر اپنے تئیں کرتا رہے یا اِس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے کسی منظّم جماعت کی ضرورت ہے؟ظاہر ہے ہر ذی شعور ہی نہیں ذی ہوش بھی یہ کہے گا کہ مسلمانوں کو ایک منظّم جماعت بنا کر اِسلامی نظام کے قیام کی جدّوجُہد کرنا چاہیے۔ یہی جواب اُن صاحبِ علم نے بھی دیا تھا۔ ہم اِس میں یہ اضافہ کیے دیتے ہیں کہ اگر یہ اِسلامی ملک پاکستان ہو تو بات اخلاقی ہی نہیں دینی سطح پر مزید مؤکد ہو جاتی ہے ‘کیونکہ مسلمانانِ پاکستان نے اللہ سے وعدہ کیا تھا کہ اگر وہ اُنہیں ایک علیحدہ خطۂ زمین عطا فرما دے تو وہ اُس میں اللہ کا دین نافذ کریں گے۔جہاں تک اِس مقصد کے حصول کے لیے جماعت کی ضرورت و اہمیت کی بات ہے تو اگر ایک طرف حضرت نوح علیہ السلام سے محمد مصطفیٰﷺ تک سلسلۂ رسالت پر نظر ڈالی جائے اور دوسری طرف اُنیسویں اور بیسویں صدی میں سائنسی ترقی اور صنعتی و ثقافتی انقلابات کو دیکھا جائے تو یہ بات سامنے آتی ہے کہ ارتقائے زمانہ کے نتیجے میں انفرادیت کا دائرہ سکڑتا جا رہا ہے اور انسان کی اجتماعی زندگی کی اہمیت بڑھتی چلی جا رہی ہے۔لہٰذا آج اجتماعیت کی ناگزیریت پہلے سے کہیں زیادہ عیاں ہو رہی ہے۔ دین اسلام کا معاملہ تو یہ ہے کہ وہ دو افراد کو بھی سفر اور نماز میں جماعت کی صورت میں دیکھنا پسند کرتا ہے۔
جماعت سازی کے حوالے سے کچھ اندیشوں کا بڑی شدّت سے اظہار کیا جاتا ہے۔ مثلاً یہ کہ اس سے جماعتی وگروہی عصبیت کی لعنت اور شخصیت پرستی کی مہلک بیماری پیدا ہوتی ہے۔مزید یہ کہ خود جماعتیں عموماً داخلی انتشار کا شکار ہو جاتی ہیں۔اس سلسلے میں اوّلین بات تو یہ ہے کہ کون سا بڑا کام ہے جو اندیشوں سے خالی ہوتا ہے۔ جس چیز میں خیر کا پہلو غالب ہو اُس کو اختیارکرنا چاہیے اور اس کے اندیشوں سے بچاؤ کی ہر ممکن تدبیر کرنی چاہیے۔
’’شخصیت پرستی‘‘ کے پیدا ہونے کے امکانات وہاں زیادہ ہوتے ہیں جہاںصرف کسی ایک داعی کے اپنے خیالات‘نظریات و تصوّرات اور اسی کے فہم و فکر کو ہی اس اجتماعیت میںایک ایسے مرکز و محور کی حیثیت حاصل ہو جائے جس پر کبھی کوئی سوال ہی نہ اُٹھایا جا سکے۔ اس کے برعکس اگر بہت سے لوگ باہمی مشاورت سے اپنے مقصد اور اس کے حصول کے طریق پرغور کرتے رہیں اورمسلسل {اَمْرُھُمْ شُوْرٰی بَیْنَھُمْ} کی قرآنی ہدایت پر عمل پیرا رہیں تو ان شاء اللہ اس اندیشے کا سد ِ باب ہو جائے گا۔مزید یہ کہ دین کی خدمت کے لیے جمع ہونے والے لوگ ہمیشہ اِنَّنَا مِنَ الْمُسْلِمِیْنَ کے مطابق اپنے آپ کو اُمّت ِمسلمہ ہی کا ایک حصہ تصوّر کریں۔ چنانچہ نہ ان میں کوئی غرور و گھمنڈ پیدا ہو نہ اپنے ’’چیزے دگر‘‘ ہونے کا احساس پیدا ہونے پائے اور نہ ہی وہ اپنے آپ کو عام مسلمانوں سے کسی اعتبار سے بہتر وبرتر تصوّر کریں۔
یہاں یہ حقیقت بھی نگاہ میں رہنی چاہیے کہ تفرقہ بازی محض جماعت سازی ہی سے پیدا نہیں ہوتی بلکہ کوئی ادارہ یا محض درس گاہ یا دارالعلوم بھی اس کا سبب بن سکتا ہے۔ درس گاہوں نے جہاں اسلامی تعلیمات عام کرنے کا عظیم کارنامہ سرانجام دیا ہے وہاں یہ بھی ہوا کہ دین اسلام کو اپنے مسلک تک محدود کرنے کا طرزِ عمل سامنے آیا جو ’’من دیگرم تو دیگری‘‘ کی بنیاد بنا۔ اب نہ تو یہ صحیح ہے کہ ان خدشات کی بنا پر درس گاہیں اور دارالعلوم قائم کرنے ہی بند کر دیے جائیںاور نہ ہی یہ درست ہے کہ دینی مقاصد کے حصول کے لیے جماعتیں قائم کرنا ممنوع قرار دے دیا جائے۔ اس کے برعکس حتی الامکان ایسی احتیاطی تدابیر اختیار کی جانی چاہئیں کہ ان کے ذریعے اُمّت میں تفرقہ و انتشار پیدا نہ ہو۔
تیسرا اندیشہ جماعتوں کے ’’داخلی انتشار‘‘ کا ہے ۔اختلاف اس عالم ِ واقعہ کی ایک عظیم اگرچہ تلخ حقیقت ہے۔ تحریکیں اُٹھتی ہیں اوربہت کچھ مفید کام کرتی ہیں‘ پھر ان میں داخلی انتشار رونما ہو جاتا ہے۔ اسی طرح مدارس میں باہمی سرپھٹول کے مناظر دیکھنے کو ملتے ہیں۔ اس سے یہ نتیجہ نکالنا صحیح نہیں ہے کہ ان کا کام نسیاًمنسیا ہو جاتا ہے۔ان کے اثرات ان کے بہت بعد تک بھی باقی رہتے ہیں۔ لہٰذا ضرورت اس کی ہے کہ خلوص اور للہیت کے ساتھ کام شروع کیا جائے۔ اختلافات کے حل کے لیے صحت مند راستے حتی الامکان کھلے رکھے جائیں اور جہاں اختلاف نصوص اور بنیادی معاملات کا نہ ہو بلکہ صرف رائے اور تعبیر و تشریح کا ہو ‘تو جماعت کے نظم بالا کی رائے اور تشریح کو فوقیت دی جائے ۔ اس کے بعد بھی کوئی ناگوار صورتِ حال پیدا ہو تو اس کا سامنا کیا جائے۔
ہمارے نزدیک احیائے اسلام کوئی سادہ اوربسیط عمل نہیں ہے بلکہ اس کے متعدد گوشے ہیں‘ جن میں سے ہر ایک میں اولوالعزم افراد اور جماعتیں برسرکار ہیں۔ مثلاً تعلیمی و تدریسی‘ اصلاحی و تربیتی‘ تبلیغی و دعوتی‘ قومی و ملّی اور انقلابی و احیائی‘ جوبظاہر ایک دوسرے سے جدا اورمختلف بلکہ بعض پہلوؤں کے اعتبار سے متضاد ہونے کے باوجود اِس وسیع تر احیائی عمل کے اعتبار سے ایک دوسرے کے لیے باعث تقویت ہیں اور قدر کی نگاہ سے دیکھے جانے کے قابل ہیں۔ستم ظریفی یہ ہے کہ دین و مذہب کے مخالف اور لادینیت کے عمل بردارتو پوری طرح منظّم ہوکر کام کر رہے ہیں اور ان کے مختلف گروہ اور جتھے مختلف اطراف سے پوری تنظیم اور اجتماعیت کے ساتھ دینی قوتوں پر یلغار کررہے ہیں‘لیکن دین ِحق کے ماننے والے ابھی اِس بحث میں اُلجھے ہوئے ہیں کہ دین متین کے لیے اجتماعی جدّوجُہد ضروری ہے یا نہیں!یہاں ایک فرمانِ رسول ﷺ کا حوالہ دینا اس بحث کو منطقی انجام تک پہنچاتا ہے:
((اَنَا اَمُرُکُمْ بِخَمْسٍ، اَللّٰہُ اَمَرَنِیْ بِھِنَّ : بِالْجَمَاعَۃِ وَالسَّمْعِ وَالطَّاعَۃِ وَالْھِجْرَۃِ وَالْجِھَادِ فِیْ سَبِیْلِ اللّٰہِ))
’’میں تمہیں پانچ باتوں کا حکم دیتا ہوں‘ جن کا اللہ نے مجھے حکم دیا ہے:الجماعت میں رہنا‘سمع(سننا) ‘اطاعت کرنا‘(دارالاسلام کی طرف) ہجرت کرنا‘ اور اللہ کے راستے میں جہاد کرنا۔ (مسند احمد‘ ترمذی‘ نسائی )
(نوٹ : اِس تحریر میں بانیٔ تنظیم اسلامی ڈاکٹر اسرار احمدؒ کے کتابچہ ’’تعارف ِتنظیم اسلامی‘‘ سے بھی استفادہ کیا گیا ہے۔)