سالانہ اجتماع 2026ءکے حوالے سے
امیرتنظیم اسلامی محترم شجاع الدین شیخ کا پیغام
رفقاء تنظیم اسلامی!
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اُمید ہے آپ خیروعافیت سے ہوں گے۔ تنظیم اسلامی کے سالانہ پلانر کے مطابق نومبر کے مہینے میں تنظیم اسلامی کے کل پاکستان سالانہ اجتماع کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ گزشتہ سال سیلاب کی وجہ سے ہم مرکزی اجتماع گاہ بہاول پورمیں اجتماع منعقد نہ کر سکے تھے اور اب بھی انتظامی معاملات ایسے ہیں کہ وہاں اجتماع منعقد کرنا ممکن نہیں۔ البتہ پاکستان بھر میں زونز کی سطح پر چار مقامات پر ہم یہ اجتماع منعقد کریں گے ۔ وسطی پنجاب کے زون کا اجتماع ملتان میں ہوگا ‘ شرقی پنجاب کے زون کا اجتماع لاہور میں ہوگا ‘ کراچی اور بلوچستان کے رفقاء مل کر کراچی میں اجتماع منعقد کریں گے جبکہ ملا کنڈ سمیت‘ شمالی پاکستان کے رفقاء کا اجتماع پیہونٹ‘ اسلام آباد میں ہوگا ۔ ان شاء اللہ!
تاریخیں آپ تک پہنچ چکی ہیں ۷‘۸ اور ۹ نومبر ۲۰۲۶ ء(ہفتہ‘ اتوار اور پیر)۔ہفتہ ۷نومبر نمازِ عصر کے ساتھ اجتماع کا آغاز ہو گا‘ اتوار ۸ نومبر کو جاری رہے گا اور پیر۹ نومبر کو نمازِ ظہر سے قبل اِس کا اختتام ہو گا۔ اتوار کو اکثر و بیشتر مقامات پر چھٹی ہوتی ہے اور پیر۹نومبر کو سرکاری چھٹی ہے۔ اس لحاظ سے اس مرتبہ تھوڑا آسانی کا معاملہ بھی ہے ۔ اِس مختصر پیغام کا مقصد یہ یاددہانی کرانا ہے کہ ہم سب پکاارادہ کرلیں ‘ اخلاصِ نیت کے ساتھ شرکت کے لیے محنت اور تیاری کریں ۔ انتظامی اعتبار سے مرکز کی سطح پر‘ زونز کی سطح پر‘ حلقوں ‘ مقامی تناظیم اور اُسروں کی سطح پر ایک ایک رفیق شرکت کے لیے اپنی تیاری ابھی سے شروع کردے ۔اللہ تعالیٰ سے ہم دعا بھی کریں:((رَبِّ یَسِّرْ وَلَا تُعَسِّرْ وَ تَمِّمْ بِالْخَیْرِ))’’ اے میرے رب آسانی کا معاملہ فرما‘ مشکل نہ فرما اور خیر کے ساتھ اس کام کو پایہ تکمیل تک پہنچا۔ ‘‘
اللہ تعالیٰ ہر طرح کے شرور سے ہمیں محفوظ رکھے۔ دنیا کے حالات بڑے خوف ناک ہیں۔ عالمی سطح پر جنگ کے سائے میں ہم نے پچھلی مرتبہ بھی اجتماعات منعقد کیے‘ اس مرتبہ بھی صورتِ حال مختلف نہیں ہے ۔ ملک بھی انتشار کا شکار ہے ۔ اِن حالات میں سچی بات یہ ہے کہ اللہ کی طرف رجوع کرنے ‘ اللہ کی طرف پلٹنے‘ اللہ کے دین کی طرف لوٹنے کی زیادہ ضرورت ہے اور یہی ہماری اصل دعوت ہے جس پر ہم نے لبیک بھی کہنا ہے اور لوگوں کو بھی اِس طرف متوجہ کرنا ہے۔
سالانہ اجتماع کے بہت سے فوائد ہیں جن سے مستفید ہونے کا یہ سنہری موقع ہے ۔ اِس وقت ضرورت اِس بات کی ہے کہ ہم خلوص نیت کے ساتھ پکا ارادہ اور تیاری کریں ۔ رفقاء اور ذِمّہ داران اپنے مواخاتی بھائیوں کو توجہ دلائیں۔ میری خواہش ہےاور توقع بھی کرتا ہوں کہ اِس مرتبہ بھرپور شرکت ہو ۔ ہر رفیق اپنی شرکت کو لازمی بنائے ‘ کوئی انتہائی شرعی مجبور ی یا معذوری ہو تو وہ الگ بات ہے ۔ ہمارے انتہائی بزرگ رفقاء‘ صاحب فراش معذور رفقاء یا اللہ نہ کرے کہیں عوارض کا معاملہ ہو تو ایسی صورت میں اُن کی دعائیں ہمارے لیے بڑی قیمتی ہوں گی۔جن رفقاء کو ایسی کوئی مجبوری نہیں ہے تو وہ ابھی سے تیاری کریں ‘ اپنی مصروفیات کو آگے پیچھے کرکے ہر صورت میں شرکت کو ممکن بنائیں اور اپنی شرکت کے متعلق ذِمّہ داران کو آگاہ بھی کریں ۔ اللہ کے دین کی راہ میں نکلنے کا ثواب بھی ہوگا۔‘ اِس میں جان ‘ مال ‘ وقت اور صلاحیتوں کا انفاق بھی شامل ہوگا۔ اِس راستے میں جو مشکلیں اور تکالیف آئیں گی اُن کا بھی اللہ تعالیٰ اجر عطا فرمائے گا اور بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا ۔ ان شاء اللہ!
اس وقت دنیا کے جو حالات ہیں ‘ اُمّت ِمسلمہ پر جو آزمائشیں ‘ مصائب اور آلام نازل ہورہے ہیں ‘ اُن کے متعلق آگاہی حاصل کرنا اور اُن سے بچنے کے لیے اللہ تعالیٰ سے اپنے تعلق کو مضبوط کرناوقت کا سب سے اہم تقاضا ہے ۔ اپنی دعاؤں میں مجھے اور تمام رفقائے تنظیم کو شامل رکھیں۔اللہ سے دعا کریں کہ زونل سالانہ اجتماعات خیر و عافیت سے منعقد ہوں اورہم سب اُن سے بھرپوراستفادہ کر سکیں۔
جزاک اللہ خیراً کثیرا ًو السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہٗ!